نوٹ: یہ صفحہ خاص طور ان احباب کے لیے بنایا گیا ہے جو اس حدیث کو فور کلر میں ورڈ فائل میں save کرنا چاہتے ہیں۔ ٹیکسٹ کو copy کیجئے اور ورڈ فائل میں pasteکر دیں۔
الادب المفرد
كِتَابُ
كتاب

302. بَابُ مَنْ كَرِهَ الدُّعَاءَ بِالْبَلاءِ
302. آزمائش میں مبتلا ہونے کی دعا کرنا مکروہ ہے

حدیث نمبر: 727
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ، قَالَ: حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرٍ، عَنْ حُمَيْدٍ، عَنْ أَنَسٍ، قَالَ: قَالَ رَجُلٌ عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: اللَّهُمَّ لَمْ تُعْطِنِي مَالا فَأَتَصَدَّقَ بِهِ، فَابْتَلِنِي بِبَلاءٍ يَكُونُ، أَوْ قَالَ: فِيهِ أَجْرٌ، فَقَالَ: ”سُبْحَانَ اللَّهِ، لا تُطِيقُهُ، أَلا قُلْتَ: اللَّهُمَّ آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً، وَفِي الآخِرَةِ حَسَنَةً، وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ.“
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں دعا کی: اے اللہ! تو نے مجھے مال نہیں دیا جس سے میں صدقہ کرتا، لہٰذا مجھے کسی مصیبت ہی میں مبتلا کر دے جس میں میرے لیے اجر ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سبحان اللہ! تم مصیبت برداشت کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔ تم نے یوں دعا کیوں نہیں کی: اے اللہ ہمیں دنیا میں اچھائی عطا فرما، اور آخرت میں بھی اچھائی عطا فرما، اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا۔
تخریج الحدیث: «حسن صحيح: و رواه مسلم، كتاب الذكر و الدعاء: 2688 و الترمذي: 3487 - دون قول الرجل، انظر صحيح أبى داؤد: 1359»

قال الشيخ الألباني: صحيح


حدیث نمبر: 728
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ، قَالَ: حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ، قَالَ: حَدَّثَنَا حُمَيْدٌ، عَنْ أَنَسٍ، قَالَ: دَخَلَ، قُلْتُ لِحُمَيْدٍ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ؟ قَالَ: نَعَمْ، دَخَلَ عَلَى رَجُلٍ قَدْ جَهِدَ مِنَ الْمَرَضِ، فَكَأَنَّهُ فَرْخٌ مَنْتُوفٌ، قَالَ: ”ادْعُ اللَّهَ بِشَيْءٍ أَوْ سَلْهُ“، فَجَعَلَ يَقُولُ: اللَّهُمَّ مَا أَنْتَ مُعَذِّبِي بِهِ فِي الآخِرَةِ، فَعَجِّلْهُ فِي الدُّنْيَا، قَالَ: ”سُبْحَانَ اللَّهِ، لا تَسْتَطِيعُهُ، أَوَ قَالَ: لا تَسْتَطِيعُوا، أَلا قُلْتَ: اللَّهُمَّ آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً، وَفِي الآخِرَةِ حَسَنَةً، وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ؟“ وَدَعَا لَهُ، فَشَفَاهُ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ.
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک آدمی کے پاس گئے جو بیماری سے اتنا لاغر ہو چکا تھا جیسے بال نوچا ہوا پرنده ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: الله تعالیٰ سے کوئی دعا کرو یا (صحت کا) سوال کرو۔ وہ یوں کہنے لگا: اے اللہ! جو عذاب تو نے مجھے آخرت میں دینا ہے، وہ جلد دنیا ہی میں دے دے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سبحان اللہ تم اس کی طاقت نہیں رکھتے۔ تم نے یہ دعا کیوں نہ کی: اے اللہ! ہمیں دنیا میں اچھائی عطا فرما، اور آخرت میں بھی اچھائی دے، اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا۔ پھر اس نے دعا کی تو اللہ عزوجل نے اسے شفا دے دی۔
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه مسلم، كتاب الذكر و الدعاء: 2688»

قال الشيخ الألباني: صحيح

الادب المفرد کی حدیث نمبر 728 کے فوائد و مسائل
مولانا عثمان منیب حفظ اللہ
  الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 728  
فوائد ومسائل:
(۱)اس سے معلوم ہوا کہ انسان کو ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے اچھائی اور عافیت کا سوال کرنا چاہیے کیونکہ وہ آزمائشوں پر پورا نہیں اتر سکتا۔
(۲) اس روایت سے پتا چلتا ہے کہ خیر القرون میں صحابہ آخرت کے کس قدر طلب گار تھا اور انہیں اللہ کے عذاب کا کس قدر خوف تھا صحابی کا ابتلا کی خواہش کرنا آخرت کے اجر کے حصول کی خاطر تھا۔
(۳) پورا واقعہ یوں ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس صحابی رضی اللہ عنہ کی تیمار داری کے لیے تشریف لے گئے تو ان کی یہ حالت دیکھ کر آپ نے پوچھا کہ تم نے کوئی دعا تو نہیں کی تھی۔ اس نے بتایا اور پھر آپ کی موجودگی میں یہ دعا کر دی کہ باری تعالیٰ مجھے صدقے کے لیے مال نہیں دیا تو ثواب کے حصول کے لیے کسی آزمائش سے دو چار کر دے اور جو عذاب مجھے آخرت میں دینا ہے دنیا ہی میں دے دے۔ تب آپ نے فرمایا کہ اس طرح کی دعا نہ کیا کرو۔
(۴) اس سے معلوم ہوا کہ مصیبت کا سوال نہیں کرنا چاہیے خواہ اجر کے حصول کے لیے ہو بلکہ حصول اجر و ثواب کے لیے اللہ سے خیر طلب کرنی چاہیے۔ البتہ اگر مصیبت آجائے تو پھر صبر کرنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے اجر کی دعا کرنی چاہیے۔
   فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 728